عجمان 21/فروری ( ایس او نیوز) این جی ٹی۔ بی پی ایل کے چوتھے ہفتے کھیلے گئے میچس کے بعد ٹورنامنٹ میں پہلی بار شامل ہونے والی ابوظبی رائیڈرس سب سے مضبوط ٹیم بن کر اُبھرتی نظر آرہی ہے، ابوظبی کے ساتھ ساتھ فور پارٹنرس چارجر ، ڈی وی ایس اسمیشرس اور یونیک اسٹرائیکر سیمی فائنل تک داخل ہوچکی ہیں، اس کے ساتھ ہی ٹورنامنٹ آخری مگر بے حد دلچسپ مراحل میں داخل ہوگیا ہے۔
اس ہفتہ کھیلے گئے پہلے میچ میں فور پارٹنرس چارجر نے قاسجمی واریر کو دو وکٹوں سے ہرا دیا اورسیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے قاسمجی واریر نے 18.5 اوورس میں تمام وکٹوں کھوتے ہوئے 144 رن بنائے جس میں عبداللہ جاوید ارمار نے 56 رن اور آصف اکرمی نے 29رن بنائے ‘ 4 پارٹنرس کی طرف سے فیضان ساؤڑا نے تین وکٹ حاصل کئے ۔ 144 کا پیچھا کرتے ہوئے حسنین رضا کی دھواں دار 48 رن اور مصعب خطال کے 27 رنوں کی بدولت فورپارٹنرس چارجر نے یہ میچ دو وکٹوں سے جیت لیا۔ اس میچ میں حسنین رضا نے اپنی اننگز میں چار چھکے اور ۵ چوکے لگائے۔ان کی بہترین بلے بازی کو دیکھتے ہوئےحسنین رضا کو میچ آف دی میچ کے خطاب سے نوازا گیا۔
دوسرا میچ مرحبا چیمپس اور ڈی وی ایس اسمیشر کے درمیان کھیلا گیا ۔جس میں ڈی وی ایس اسمیشر نے چھ وکٹوں سے شاندار جیت درج کرلی۔ بی پی ایل کے اسٹار بیٹسمن عبادہ برماور نے ڈی وی ایس اسمیشر کے لئے شاندار اننگ کھیلی اور 57 رن بنائے اسی طرح جندوب مٹا نے 34 رن بنا کر اپنی ٹیم کو مضبوطی فراہم کی۔اس طرح ڈی وی ایس بھی سیمی فائنل میں داخل ہوگئی۔ ‘ اس سے پہلے مرحبا چیمپس نےمجموعی اسکور 151 رن بنائے تھے جس میں نصر اللہ عسکری کے 42 رن شامل تھے۔میچ میں نور ائیکر ی نے ۴ وکٹ حاصل کئے ۔ عبادہ برماور کو میچ آف دی میچ سے نوازا گیا۔
تیسرا میچ رکن الدین برادرس ٹائٹن اور ابو ظبی رائڈرکے درمیان کھیلا گیا ۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے رکن الدین برادر ٹائٹن نے20 اووروں میں 137 رن بنائے ۔ سمجھا جارہا تھا کہ یہ میچ جیت کر رکن الدین برادرس اپنی پہلی جیت درج کرے گی۔ لیکن اسٹار بلے باز ہونے کے باوجود رکن الدین برادرس کا پورےٹورنامنٹ میں نہایت خراب پرفارمینس رہا اور یہ ٹیم کوئی بھی میچ نہیں جیت پائی ۔میچ میں عبدالسلام رکن الدین اور فوزان احمد ارمار نے بالترتیب 26 اور28 نے رن بنائے تھے۔ ابو ظبی رائڈرس کی طرف سے عبدالباسط معلمی نے تین وکٹ حاصل کئے ۔ ابوظبی رائڈرس نے یہ میچ آسانی کے ساتھ ۶ وکٹوں سے جیت لیا اور سیمی فائنل میں بغیر کوئی میچ ہارے داخلہ لے لیا سید اسماعیل آفضان ‘ حسام ملا اور محمد اظہر ہیگڑے نے بالترتیب 45‘34 اور 30 رن بنائے صرف فوزان ارمار نے دو وکٹ حاصل کئے ۔ سید اسماعیل آفضان کو مین آف دی میچ سے نواز گیا۔
چوتھا میچ میک ہوم چیلنجر اور یونیک اسٹرائکر کے درمیان کھیلا جانا تھا اور پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے یونیک اسٹرائکر نے162 رن بھی بنائے تھے مگربارش سے کھیل آگے نہیں بڑھ سکا۔ اور امپائر نے میچ کو منسوخ کردیا۔
آج منگل رات کو یہ میچ دوبارہ کھیلا گیا جس میں یونیک اسٹرائیکر نے بہترین کھیل کا مظاہرہ پیش کرتے ہوئے میچ جیت لیا اوریہ ٹیم بھی سیمی فائنل میں داخل ہوگئی۔
یونیک اسٹرائیکر نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اووروں میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 202 رنوں کا ہمالیائی اسکور کھڑا کردیا۔ یونیک اسٹرائیکر کی طرف سے عبدالقوی موٹیا نے پانچ چھکوں اور گیارہ چوکوں کی مدد سے صرف 65 گیندوں پر دھواں دار 115 رن اسکور کرڈالے، جواب میں میک ہوم چیلنجر نے اس اسکور کا تعاقب کرتے ہوئے ابتدا میں نہایت بہترین کھیل کا مظاہرہ پیش کیا ، ایک مرحلہ میں تو ایسا لگ رہا تھا کہ یونیک اسٹرائیکر کے ہاتھوں سے یہ میچ پھسل چکا ہے، مگر طحہٰ معلم سمیت معتصم جاکٹی اور سید حُسین ادیب نے نپی تلی بائولنگ کرتے ہوئے بالترتیب تین تین اور دو وکٹیں حاصل کرکے میک ہوم چیلنجر کی کمر توڑ دی۔ بالخصوص چھٹی وکٹ کی ساجھے داری میں عمران مصباح اور سرفراز مبارک کافی تیزی کے ساتھ رن بنا رہے تھے مگرمیک ہوم چیلنجر جیت کے بالکل قریب پہنچ کر میچ ہارگئے۔میک ہوم چیلنجر مقررہ 20اووروں میں نو وکٹوں کے نقصان پر184 رن ہی بناسکی ۔ عبدالقوی موٹیا کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔
آج کے میچ کے ساتھ ہی یونیک اسٹرائیکر بھی سیمی فائنل میں داخل ہوگئی۔
اب اگلے جمعہ پہلے سیمی فائنل میں فور پارٹنرس کا مقابلہ یونیک اسٹرائیکر کے ساتھ ہوگا اور دوسرا سیمی فائنل ابوظبی رائیڈرس اورڈی وی ایس اسمیشر کے درمیان کھیلا جائےگا۔ پہلا سیمی فائنل صبح 7:45 بجے شروع ہوگا، جبکہ دوسرا 11:30 بجے شروع ہوگا، جبکہ فائنل میچ شام چھ بجے شروع ہوگا۔ اب یہ دیکھنا دلچسپی سے خالی نہ ہوگا کہ اس بار بی پی ایل ٹرافی کونسی ٹیم حاصل کرنے میں کامیاب ہوتی ہے۔